بھارت ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے، دفتر خارجہ

152

 

اسلام آباد (آن لائن )پاکستان نے فنا نشل ٹاسک فورس سے متعلق بھارت کے بیان کو مسترد کردیا۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی وزیر دفاع کا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کے خلاف سیاسی مقاصد کیلیے استعمال کررہا ہے۔ بھارت ایشیاء پیسفک گروپ میں اپنی معاون چیئرمین شپ کا غلط استعمال کررہا ہے
اور ایف اے ٹی ایف کی پاکستان سے متعلق ہونے والی کارروائی پر اثر انداز ہورہا ہے۔ترجمان نے بھارتی وزیر دفاع کا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق بیان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا ایف اے ٹی ایف سے متعلق بیان حقائق کے منافی ہے۔ پاکستان اس سلسلے میں اپنے تحفظات رکن ممالک کے سامنے رکھ چکا ہے توقع ہے ارکان بھارت کی معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوششوں کو مسترد کردیں گے اور بھارت کی ان گمراہ کن سازشوں میں نہیں آئیں گے۔واضح رہے بھارتی وزیر دفاع نے دعوی کیا تھا کہ پاکستان کسی بھی وقت بلیک لسٹ ہوجائے گا۔علاوہ ازیںوزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت ہمیں ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل کروانے کی کوشش کررہاہے لیکن ہم یہ کوششیں ناکام بنادیںگے۔ پاکستان اس معاملے میں کافی حد تک اپنے دوستوں کو مطمئن کرچکاہے کہ اس سلسلے میں ہم سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کررہے ہیں۔ موجودہ حکومت نے قلیل عرصے میں اس حوالے سے جواقدامات اٹھائے ہیں وہ گزشتہ حکومتوں نے دس سال میں بھی نہیں اٹھائے تھے۔