العزیزیہ ریفرنس:نواز شریف کی اپیل پر سماعت 2ہفتے کیلیے ملتوی

136

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اپیل پر سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کرتے ہوئے جج وڈیو لیکس کے معاملے پر جج ارشد ملک کے بیان حلفی پر دوسرے فریق کا موقف سننے اور وڈیو کا فرانزک کرنے والے برطانوی ماہر سمیت 5افراد کو عدالتی گواہ بنانے کی متفرق درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کر کے تحریری جواب طلب کر لیا ہے ۔ جسٹس
عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بینچ نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔ نواز شریف کی متفرق درخواست پر سماعت ہوئی جس میں جج ارشد ملک کے کنڈکٹ پر 23 قانونی سوالات اٹھانے سمیت وڈیو کا فرانزک کرنے والے برطانوی ماہر سمیت 5 عدالتی گواہ بنانے کی استدعا کی گئی تھی۔ خواجہ حارث نے کہا عدالت عظمیٰ نے جو ضابطے طے کیے ہیں اس کے تحت عدالت نے جج ارشد ملک کی آڈیو وڈیو کی اصلیت کی جانچ کرنی ہے اورحقائق کو پرکھنا ہے کہ کیا فیئر ٹرائل کا حق پورا ہوا یا نہیں؟ ۔ جج وڈیو اسکینڈل کے اہم کردار ناصر بٹ کی شواہد جمع کرانے کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراض کے ساتھ سماعت ہوئی۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ رجسٹرار آفس کا اعتراض ہے کہ آپ متاثرہ فریق نہیں اس لیے آپ کو حق دعویٰ حاصل نہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نصیر بھٹہ ایڈووکیٹ نے کہا جس دن ارشد ملک نے
بیان حلفی جمع کرایا ، میرا حق دعوی اسی روز بن گیا تھا۔عدالت نے مرکزی اپیل اور متفرق درخواستوں پر سماعت 2 ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔