بی آئی ایس پی کیلیے اضافی 20 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری

125

اسلام آباد (آن لائن) ایشیائی ترقیاتی بینک نے حکومت کے سماجی تحفظ پروگرام، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلیے اضافی 20 کروڑ ڈالر قرضے کی منظوری دے دی۔ اس حوالے سے جاری بیان میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا کہ اے ڈی بی کی جانب سے اکتوبر 2013ء میں منظور کیے گئے سماجی تحفظ ترقیاتی منصوبے کے باعث بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 8 لاکھ 55 ہزار خواتین کا اندراج ہوا۔ مذکورہ منصوبے کیلیے اضافی قرضے کے ذریعے رقوم کی نقد منتقلی میں تعاون اور اس کے ساتھ بی آئی ایس پی کے
ادارے کو مضبوط بنانے سے متعلق اقدامات میں مدد جاری رہے گی۔ ڈائریکٹر پبلک مینجمنٹ، فنانشل سیکٹر اینڈ ٹریڈ برائے ایشیائی ترقیاتی بینک وسطی و مغربی ایشیا، طارق نیازی نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے سماجی تحفظ کے پروگرامز یہ یقینی بنانے کیلیے اہم ہیں کہ غریب ترین طبقات مزید غریب نہ ہوں، خاص طور پر جب ملک کو معاشی سطح پر مشکل چیلنجز کا سامنا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک حکومت پاکستان میں سماجی تحفظ کے متبادل طریقوں پر عملدرآمد، غربت میں کمی کے عزم پر قائم ہے جیسا کہ اثاثہ جات منتقلی پروگرام جس کے ذریعے انسانی سرمائے میں بہتری کو فروغ ملتا ہے اور نسلوں سے جاری غربت میں کمی آتی ہے۔