حکومت مدارس کے بینک اکائونٹس بحال کرے، امیر العظیم

86

لاہور (نمائندہ جسارت) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے مدارس کے بینک اکائونٹس بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے ملک بھر میں مختلف مدارس کے بینک اکائونٹس منجمد کرنے کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسے دینی مدارس اور طلبہ کے خلاف کھلی جارحیت قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دینی مدارس میں 35لاکھ کے قریب طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں جن میں سے اکثریت قرآن حفظ کرنے والوں کی ہے ۔حکومت کی طرف سے مدارس کے اکائونٹس منجمد کرنے
کی کارروائی بغیر کسی پیشگی اطلاع کے کی جارہی ہے جس سے ان مدارس کے لیے روزانہ کے اخراجات پورا کرنا بھی ممکن نہیں رہااور حکومت کی اس فسطائیت سے مدارس میں رہائش پذیر ہزاروں طلبہ و طالبات کے لیے 2وقت کے کھانے انتظام کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ قرآن و حدیث کے طلبہ کے ساتھ حکومت کا یہ ظلم و جبر ناقابل برداشت ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو یہ اقدام بہت مہنگا پڑے گا۔امیر العظیم نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر مدارس کے اکائونٹس کو بحال کرے ۔حکومت نے مدارس کے ساتھ اپنا معاندانہ رویہ تبدیل نہ کیا تواسے شدید احتجاج کا سامنا کرنا پڑے گا۔