ریکوڈک کیس: حکومت بلوچستان کا عالمی فورم پر نظر ثانی اپیل دائر کرنیکا فیصلہ

74

کوئٹہ (اے پی پی) بلوچستان اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ریکوڈک کیس سے متعلق حکومت بلوچستان نے عالمی فورم پر نظرثانی کی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کابینہ کے فیصلے کے مطابق اس کیس سے متعلق معاملہ ایوان میں لایا جائے گا کوئی امر عوام سے پوشیدہ نہیں رکھا جائے گا۔ یہ بات وزیر خزانہ بلوچستان میر ظہور احمد بلیدی نے صوبائی اسمبلی کے فورم پر اپوزیشن اراکین کے سوالات کے جواب میں حکومتی مؤقف کا
دفاع کرتے ہوئے کہی بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر میر عبدالقدوس بزنجو کی صدارت میں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے وسائل کو عوام کی بہبود کے لیے بروئے کار لانے کیلیے مؤثر قانون سازی کی جارہی ہے، قانون سازی کے مطابق کوئی غیر ملکی بلوچستان میں جایداد نہیں خرید سکتا، بلوچستان میں کوسٹل ہائی وے اتھارٹی کے قیام کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتاری سے عمل درآمد کے لیے فنڈز کا فوری اور تیز تر اجرا کیا جارہا ہے اور اس مقصد کیلیے اب تک 15 ارب روپے ریلیز ہوچکے ہیں۔