فرانس نے پہلا رافیل لڑاکا طیارہ بھارت کو دے دیا

483

پیرس: فرانس نے پہلا رافیل فائٹر جیٹ بھارت کے حوالے کردیا۔

فرانس کے جنوب مغرب میں واقع شہر میرگناک میں اس حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور ان کی فرانسیسی ہم منصب فلورنس پارلی نے شرکت کی۔ اس موقع پر رافیل طیارہ باقاعدہ طور پر بھارتی وزیر دفاع کے حوالے کیا گیا۔

جنگی طیارہ ملنے کے بعد راج ناتھ سنگھ نے اس طیارے پر’شستر پوجا’ کی۔ وزیر دفاع نے طیارے پر سِندور سے اوم لکھا، پھول ،ناریل اور لڈو چڑھائے۔ اس کے علاوہ اڑان بھرنے سے  پہلے طیارے کے پہیے کے نیچے دو لیموں بھی رکھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ رافیل طیاروں کی ڈلیوری وقت پر ہو رہی ہے، بھارتی فضائیہ دنیا کی چوتھی بڑی فضائیہ ہے اور رافیل طیارے حاصل کرنے کے بعد مجھے امید ہے کہ اس کی طاقت میں مزید اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ رافیل فرانسیسی زبان کا لفظ ہے جس کا ہندی میں مطلب آندھی ہے مجھے امید ہے کہ یہ اپنے نام پر پورا اترے گا اور بھارتی فضائیہ کی طاقت میں اضافہ کرے گا۔

خیال رہے کہ فرانس کے ساتھ رافیل طیاروں کا معاہدہ متنازع رہا ہے اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر رافیل طیاروں کے سودے میں اربوں ڈالر کی بدعنوانی کا الزام لگتا رہا ہے۔ بھارتی مرکزی اپوزیشن پارٹی کانگریس کا کہنا ہے کہ مودی حکومت نے رافیل طیارے تین گنا مہنگے خریدے ہیں۔

2016 میں انڈیا نے فرانس کے ساتھ 36 رافیل طیاروں کے لیے تقریبا 8 ارب ڈالر سے زائد کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔