سیاحت کے فروغ کے لئے 8تا10اکتوبر ایکسپو سینٹر کراچی میں نمائش منعقد کی جائے گی،

422

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹریول مارٹ کے زیر اہتما م سیاحت کے فروغ کے لئے 8اکتوبر بروز منگل سے ایکسپو سینٹر کراچی میں 3روزہ نمائش کا آغاز ہو گا،کراچی ایکسپو سینٹر میں 8تا10اکتوبر تک منعقد ہونے والی نمائش میں ٹورازم ملائیشیا بھرپورطریقے سے شرکت کرے گا،

جس میں ملائیشیا کی18 سیاحتی ادارے شریک ہورہے ہیں، جن میں ہوٹلز، ریسورٹس، ٹریول ایجنسیز، پراڈکٹ آپریٹرز سمیت ٹورازم ایسوسی ایشنز شامل ہیں۔اس موقع پر ٹورازم ملائیشیا پاکستان میں ”وزٹ ملائیشیا 2020“ کا بھی افتتاح کیا جائے گا،

اس مہم میں پاکستان سے81ہزار سیاحوں کی آمد کاہدف رکھا گیا ہے۔پاکستان اور ملائیشیا کے مابین دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے کراچی میں تعینات ملائیشین قونصل جنرل خیرالنظران عبدالرحمن کا کہنا تھا کہ سال 2019میں دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو 62برس ہو گئے ہیں،ان کا مزید کہنا تھا دونوں کے تعلقات صرف معیشت اور سیاست تک ہی محدود نہیں بلکہ تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، سیاحت اور تعلیم تک پھیلے ہوئے ہیں،

پاکستان ٹریول مارٹ میں ٹورازم ملائیشیا کی شرکت کے حوالے سے کراچی میں واقع ملائیشین قونصلیٹ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے دبئی آفس سے آئے ہوئے ٹورازم ملائیشیا کے ڈائریکٹر شارم مختار کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں موجود اپنے پارٹنرز کی مدد سے ہماری کوشش ہے کہ پاکستان سے زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو ملائیشیا گھومنے آنے کے لیے راغب کیا جا سکے، اور میری رائے میں پاکستان ٹریول مارٹ ”ملائیشیا 2020مہم“کے پاکستان میں فروغ کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے۔