ماتلی، پولیس کا مکان پر چھاپا، بھاری مقدار میں دیسی شراب برآمد

129

ماتلی (نمائندہ جسارت) ماتلی پولیس کی منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی آبپاشی آفس کے عقب والی گلی کے مکان پر چھاپا، بھاری مقدار میں دیسی شراب برآمد، ایک ملزم گرفتار، مزید گرفتاریاں متوقع ہیں، محلے میں عام گھروں کے درمیان موجود اس مکان سے شراب، افیون، ہیروئن اور چرس ایک لمبے عرصہ سے فروخت کی جارہی تھی، ماتلی کے شہریوں اور سماجی حلقوں کی جانب سے محلے میں ان منشیات فروشوں کی جانب اس مذموم کاروبار کے کھلم کھلا چلائے جانے کی شکایات کی گئیں تھیں جس کے بعد یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ مصدقہ اطلاعات کے مطابق منشیات فروش گھر کے اندر دیسی شراب تجارتی پیمانے پر تیار کرکے فروخت کرتے تھے جبکہ چرس اور افیون کی فروخت بھی کررہے تھے، اہل محلہ ان افراد کے اس کاروبار کی وجہ سے شدید پریشانی میں مبتلا تھے۔ اہل محلہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ منشیات اور شراب خریدنے والوں کا سارا دن اس گلی میں آنا جانا لگا رہتا تھا۔ دوسری جانب ماتلی پولیس نے مکان پر چھاپا مارنے اور دیسی شراب برآمد کرنے کی تصدیق کی ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مکمل تفصیلات کو میڈیا کے علم میں لایا جائے گا۔