نوشہروفیروز، سیپکو ملازمین کا احتجاج اور دھرنا، دفاتر کی تالا بندی

105

نوشہرو فیروز (نمائندہ جسارت) واپڈا نجکاری کیخلاف محراب پور میں سیپکو ملازمین نے دفاتر کی تالہ بندی کرکے ریلی نکالی اور احتجاج کیا، مظاہرین نے نعرے بازی بھی کی۔ محراب پور پریس کلب کے سامنے واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین محراب پور کے زیر اہتمام چیئرمین شاہد سموں کی قیادت میں گڈو تھرمل پاور اور لیسکو کی نجکاری کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جس پر حکومت کیخلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت بجلی کے نئے منصوبے اور پہلے سے بند پڑے بجلی گھروں کو چالو کرنے کے بجائے نجکاری پر تلی ہوئی ہے، جس سے لاکھوں ملازمین بے روزگار ہوجائیں گے اور صارفین کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس موقع پر یونین رہنما شاہد سموں کا کہنا تھا کہ حکومت کو اداروں کی نجکاری نہیں کرنے دیں گے اگر حکومت نے اداروں کی نجکاری کی تو ملک گیر دھرنے اور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔