نکاسی آب کا نظام میونسپل کارپوریشن کے حوالے کیا جائے

131

سکھر(نمائندہ جسارت) آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی و قائد حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ نکاسی آب کا نظام پبلک ہیلتھ کو دینے کی وجہ سے سڑکوں پر گندا پانی کھڑا رہنا معمول رہ چکا ہے ہماری واٹر کمیشن سے اپیل ہے کہ نکاسی آب کا نظام محکمہ پبلک ہیلتھ سے لیکر واپس سکھر میونسپل کارپوریشن کے حوالے کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف تجارتی مراکز سے آنے والے تاجروں اور دکانداروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خواجہ جلیل احمد، بدر رفیق قریشی، حاجر طاہر شیخ، سید محمود علی، فیاض خان، حاجی انور وارثی، برکت سولنگی ، صابر کپتان، مولانا عثمان فیضی، محمد پناہ سومرو، شاہد علی ، نفیس احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ حاجی محمد ہارون میمن کا کہنا تھا کہ جب سے نکاسی آب کا نظام پبلک ہیلتھ کے حوالے کیا گیا ہے رہائشی و تجارتی علاقوں میں گٹر ابلنے نالیوں کے صاف نہ ہونے کی مسلسل شکایات ہیں۔ اور گندا پانی گلی محلوں، سڑکوں اور تجارتی مراکز میں ہر وقت کھڑا رہتا ہے جس کی وجہ سے جہاں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوری ہیں وہاں گاڑی مالکانا ور راہگیروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ خصوصی معمر افرا د خواتین اور طلبہ و طالبات شدید اذیت سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھر میونسپل کارپوریشن ہی کے ذمے یہ نکاسی آب کا نظام رہا ہے اور ایس ایم سی کے انجینئرز افسران اور عملہ ہی نکاسی آب کے نظام کو بہتر طور پر چلا سکتا ہے۔ محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران و اہلکار عوام سے رابطے میں نہیں ہیں ۔ عوام اپنی شکایات میئر، ڈپٹی میئر، یونین کمیٹیوں کے چیئرمی سے کرتے ہیں جب بلدیہ انتظامیہ کے افسران و عوامی نمائندے محکمہ پبلک ہیلتھ سے سڑکوں پر نکلنے والے گندے پانی کو صاف کرنے کیلیے کہتے ہیں تو پبلک ہیلتھ والے کہتے کہ ہمارے پاس کوئی شکایت نہیں آئی۔ اس قسم کے مسائل سے چھٹکارا پانے کیلیے ضروری ہے کہ نکاسی آب کا نظام محکمہ پبلک ہیلتھ سے لیکر سکھر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کے حوالے کیا جائے تاکہ عوامی مسائل کا ازالہ ہوسکے۔