سندھ کے آبادگاروں، کسانوں کو پیچھے دھکیلا جارہا ہے، نواب زبیر تالپور

77

نوشہرو فیروز (نمائندہ جسارت) سندھ آباد گار اتحاد کی جانب سے مسائل حل نہ ہونے پر سندھ حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔ تنظیم کے صدر نواب زبیر احمد تالپور نے آج نوشہرو فیروز میں اندورن سندھ کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے آبادگار، کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے آبادگاروں، کسانوں کو پیچھے دھکیلا جارہا ہے، جس کا ثبوت ابھی تک گنے کے آبادگاروں کو بقایا جات کا نہ ملنا، دھان کی فصل پر پابندی اور دیگر فصلوں کے مناسب نرخ نہ ہونا ہے، حکومت کو پیش کردہ ہمارے مسائل حل کرنے کے بجائے ردی کی نظر ہوگئے ہیں۔ اگر حکومت نے ہمارے جائز مسائل اور مطالبات حل نہیں کیے تو ہم تحریک کیساتھ عدلیہ سے رجوع کریں گے، جس کے لیے ہم آبادگاروں کو مضبوط ہونا پڑے گا اور تنظیم کو سندھ پر مضبوط کرنا پڑے گا۔ اس موقع پر تنظیم کے جنرل سیکرٹری انوار احمد، میر مشتاق تالپور، حسام الدین راشدی، حاجی ظفر اللہ تالپور نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں سابق ضلعی ناظم نوشہرو فیروز غلام رسول عرف عاقب جتوئی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔