مہنگائی کے باعث عوام کی کمر ٹوٹی ہوئی ہے،میاں اجمل حسین

138

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی115کے امیرمیاںاجمل حسین بدر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ موجودہ نااہل اور نالائق حکومت نے صرف چند روز میں بجلی کے نرخوں میںہوشربا اضافہ کرکے عوام پر 80 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈال دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے2 روپے فی یونٹ اضافہ مہنگائی کی چکی میں پسی عوام کوزندہ درگورکرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی کے باعث عوام کی کمر ٹوٹی ہوئی ہے اورنااہل حکمرانوں کے باعث ادویات ، بجلی، گیس، پیٹرول سمیت تمام روزمرہ کی اشیاکی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ اٹھانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت میں مہنگائی سونامی کا روپ دھار چکی ہے جو غریبوں کو نگل رہی ہے۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ سے گھریلو صارفین اور غریب عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں۔ حکمران معاشی بحران کی آڑ میں غربیوں سے دو وقت کی روٹی بھی چھین رہے ہیں جو قابل مذ مت ہے۔ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی میں عوام بری طرح متاثر اور مایوسی کا شکار ہو چکی ہے۔ روزگار کی عدم فراہمی اور اشیاء ضروریہ کا غریبوں کی پہنچ سے دور ہونا حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ المیہ یہ ہے کہ عوامی مسائل ختم ہونے کی بجائے بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔