قائداعظم ٹرافی پختونخواہ اشفاق کی تیسری سنچری

144

لاہور(جسارت نیوز)ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری میچ میں خیبرپختونخوا نے اشفاق احمد کی سنچری کی بدولت5 وکٹوں کے نقصان پر 484 رنز بنا کرپہلی اننگز ڈکلئیرکردی۔جواب میں سینٹرل پنجاب کے 45 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ اس سے قبل میزبان ٹیم نے 305 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے میچ کے دوسرے روز کھیل کا دوبارہ آغاز کیا۔ 99 رنز بنا کر کریزپر موجود اشفاق احمد نے ایونٹ میں اپنی تیسری سنچری اسکور کی۔ وہ 22 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 173 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان محمد رضوان 16 چوکوں کی مدد سے 128 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ آلراؤنڈر عادل امین نے بھی نصف سنچری اسکور کی۔ آلرائونڈر نے ناقابل شکست 58 رنز بنائے۔سینٹرل پنجاب کی جانب سے نسیم شاہ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں سنٹرل پنجاب کی جانب سے گذشتہ میچ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے سلمان بٹ خیبرپختونخوا کے خلاف کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے۔ مہمان ٹیم کے دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد سعد تھے، جنہوں نے 2 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 19 رنز بنائے۔ دن کے اختتام پر سنٹرل پنجاب کے کپتان اظہر علی 22 اور عثمان صلاح الدین 1 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ دوسری جانب کے آرایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں جاری میچ میں ناردرن کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 450 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔جواب میں بلوچستان نے اوپنر عمران بٹ کی ناقابل شکست نصف سنچری اور ابوبکر کے 50 رنز کی بدولت 2 وکٹوں پر 119 رنز بنالیے۔ میچ کے دوسرے روز ناردرن نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 365رنز سے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو پوری ٹیم 450 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ 18 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 141 رنز بنا نے والے فیضان ریاض ناردرن کی جانب سے سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔بلوچستان کے عماد بٹ نے 3 جبکہ تاج ولی، یاسر شاہ اور محمد اصغر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں بلوچستان کی جانب سے اننگز آغاز متاثرکن نہ رہا اور عظیم گھمن 5 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے تاہم دوسری وکٹ کے لیے عمران بٹ اور ابوبکرکے درمیان 110 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچری اسکورکی۔ دن کے اختتام پر عمران بٹ 58 اور عمران فرحت 1 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کے دوسرے روز آلراؤنڈر عامر یامین اور اسپنر محمد عرفان جونیئر کی سنچریوں کی بدولت سدرن پنجاب کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 546 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ جواب میں سندھ نے 1 وکٹ کے نقصان پر 90 رنز بنالیے۔ اس سے قبل سدرن پنجاب نے 303 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو آلراؤنڈر عامر یامین 15 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 142 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اسپنر محمد عرفان نے آلراؤنڈر عامر یامین کا کریز پر بھرپور ساتھ دیا۔ وہ101 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ محمد عرفان جونیئر کی اننگز میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ سندھ کی جانب سے سہیل خان، تابش خان، ولید احمداورفواد عالم نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں سندھ کے اوپنرز خرم منظور اور عابد علی نے اننگز کا محتاط آغاز کیا۔خرم منظور 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ دن کے اختتام پر عابد علی 42 اور عمیربن یوسف 5رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔