کشمیری عوام بھارتی مظالم سے جلدنجات پائیں گے‘ شاہ محمود قریشی

382

ملتان/اسلام آباد(اے پی پی+صباح نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی مظالم سے جلد نجات پائیں گے۔ملتان میں حضرت بہاؤالدین زکریا ؒکے عرس کے دوسرے روز زائرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام بھارتی مظالم کاشکارہیں،ان کے دکھ جلد دورہوں گے ،بھارت نے ان پرظلم کے پہاڑتوڑدیے ہیں۔ادھر دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے جاری بیان میں وزیر اعظم عمران خان سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارت سفارت کاری اور معمول کے حالات کے بھاشن اپنے پاس رکھے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی بیانات مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی عکاسی کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جبر سے متاثر کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانا ہماری عالمی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ بھارت انتہا پسندانہ نظریات اور غالبانہ بالادستی کے خواب کی وجہ سے سچ کا سامنا کرنے سے کترارہا ہے۔ترجمان کے بقول بھارت اپنی بالادستی پر مبنی طرز عمل کے برعکس خود کو ایک نارمل ریاست ثابت کرنا چاہتا ہے۔ان کا کہنا مزید تھا کہ وہ کون سا عام ملک ہوگا جو گائے کے ذبح کرنے پر ہجوم کے ذریعے لوگوں کے قتل عام اور ’لو جہاد‘ کا نام لے کر ان کے ذمے داروں کی سیاسی سرپرستی کرے؟