حکومت سے وابستہ عوامی امیدیں دم توڑ رہی ہیں،راشد نسیم

329

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ایک دعوتی و نظریاتی اور اقامت دین کی عالمگیر تحریک ہے۔ اپنی دعوت کے ابلاغ کے پیش نظر منصوبہ بندی کو آگے بڑھانے کی کوششیںزندہ تحریکوں کی نشانی ہے۔ موجودہ حکومت سے وابستہ عوامی امیدیں دم توڑ رہی ہیں۔ ایک سالہ کارکردگی مایوس کن ہے۔ ملک میں حقیقی تبدیلی قرآن و سنت کے نفاذ سے ہی آئے گی جس میں مہنگائی، بے روزگاری سمیت تمام مسائل کا حل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کی منصوبہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ جس میں صوبائی امیر محمد حسین محنتی ، نائب امرا پروفیسر نظام الدین میمن، ممتاز حسین سہتو سمیت دیگر ذمے داران بھی موجود تھے جبکہ صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے ملٹی میڈیا کے ذریعے سالانہ منصوبے پر عمل درآمد کی تفصیلی جائزہ رپورٹ پیش کی۔ راشد نسیم نے مزید کہا کہ اسلام دشمن قوتوں کی تمام تر سازشوں اور پروپیگنڈے کے باوجود دنیا بھر میں جہادی کلچر،پردہ، شعائر اسلام سمیت اسلام کی دعوت آگے بڑھ رہی ہے۔ 2034 ء میں دنیا کا نقشہ تبدیل اورامت پر آزمائش بھی اس سے زیادہ بڑھ جائے گی مگر بالآخر اسلام غالب ہو کر رہے گا کیونکہ اسلام مغلوب نہیں بلکہ غالب ہونے کے لیے آیا ہے۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کے 2033ء کی منصوبہ بندی کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک اور امت کی امیدوں کی کرن ہے۔ کشمیر ہمارا دھڑکتا دل ہے۔ بھارت نے ظلم اور درندگی کی انتہا کردی ہے۔ جماعت اسلامی اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ حق و باطل کے معرکے میں نظریاتی کارکنوں کو حق کے غلبے کے لیے سر دھڑ کی بازی لگانے کا عزم کرنا چاہیے۔ اللہ کے راستے میں اپنا سب کچھ قربان کردینے میں ہی بندے کی دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔