ہم دین کے ٹھیکیدار نہیں چوکیدار ہیں، علامہ خادم حسین رضوی

185

گوجرخان (صبا ح نیوز) تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی نے کہا ہے کہ ہم دین کے ٹھیکیدار نہیں چوکیدار ہیں، حکمرانوں اور ہمیں عملاً دین کے سانچے میں ڈھلنا ہوگا، کلمۂ حق کے نام پر حاصل کردہ مملکتِ پاکستان کی شہ رگ مقبوضہ کشمیر پر جبر و استبداد کے پہاڑ، 62 روز سے مسلسل کرفیو کے برعکس اقوام متحدہ میں بڑھکیں اور اندرون ملک کرکٹ میچ کرانا کشمیریوں کے خون سے بے وفائی اور اس کی بے حرمتی ہے، صرف نعروں کے بجائے یہودکے اتحاد اور ہندو کی للکار کے جواب میں ہمیں ملک و قوم کی بقاء کی خاطرمیدان میں نکل کر عملی جہاد کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں کے تارکین وطن راجا غضنفر برادران کے والد حاجی راجا منیر مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے آئے لوگوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک لبیک کے ضلعی صدر حاجی محمد رمضان چشتی، سرپرست اعلیٰ تحصیل گوجرخان پیر الحاج سید سعید احمد شاہ گیلانی، تحریک کے سیکڑوںکارکنان سمیت ہر شعبہ زندگی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔