مولانا فضل الرحمن کا کردارصرف پیادے کا ہے‘ فوادچودھری

314

لاہور(اے پی پی )وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فوادچودھری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز سے لڑ رہے ہیں‘ آزاد کشمیر مارچ کے شرکاء سے اپیل ہے کہ وہ پرامن رہیں‘ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اصلاحات لا رہے ہیں جس سے اس شعبے میں انقلاب آئے گا، مولانا فضل الرحمن کا نواز شریف اور آصف زرداری کی شطرنج کے کھیل میں صرف پیادے کا کردار ہے‘ پیپلز پارٹی اور (ن)لیگ مولانا فضل الرحمن کو استعمال کر رہی ہے‘نیب کے قانون سے روگردانی نہیں ہو سکتی‘(ن)لیگ اور پیپلز پارٹی پلی بارگیننگکے ذریعے پیسے دیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ مولانا فضل الرحمن کی جانب سے نئے انتخابات کے مطالبے پر وفاقی وزیر نے کہا کہ مولاناکا نئے الیکشن سے کیا تعلق ‘ ان کی جماعت صرف 60 سیٹوں سے زاید الیکشن میں حصہ نہیں لیتی‘ ان کا نئے الیکشن کا مطالبہ بلا جوازہے، پیپلز پارٹی اور(ن) لیگ والے صرف اپنی قیادت کی رہائی چاہتے ہیں،دونوں جماعتوں کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے قانون سے روگردانی نہیں ہو سکتی‘ ہم تو آج بھی کہتے ہیں کہ پیسے دو اور ابو لو لیکن پی پی اور (ن) لیگ والے بغیر پیسہ دیے قیادت کی رہائی چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور( ن )لیگ مولانا فضل الرحمن کو استعمال کر رہی ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمن مدرسوں کے طلبہ کو چارے کی طرح استعمال کرنا چاہتے ہیں جو درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ایک دوسرے پر کیسز بنائے، ہم نے کوئی کیس نہیں بنایا، ہمارے تو اپنے لوگوں کیخلاف نیب کی کارروائیاں ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں انتشار ہو گا تو(ن) لیگ اور پی پی کی بارگیننگ پوزیشن بڑھے گی، مولانا فضل الرحمن اب 27 اکتوبر کی تاریخ نہ بدلیں‘ ان کی کوشش ناکام ہو گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے‘ سری لنکن ٹیم کا پاکستان میں آنا خوش آئند ہے‘ برطانیہ کے شہزادے پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں جس سے ملکی امیج میں اضافہ ہو گا۔فواد چودھری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان چین کے دورے پر جارہے ہیں جہاں تمام معاملات پر بات ہو گی‘ موجودہ حکومت کی کوششوں سے معاشی استحکام آرہا ہے‘ روپے کی قدر بہتر ہوئی ہے‘ برآمدات میں اضافہ ہوا ہے اور ملک معاشی میدان میں آگے بڑھ رہا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں کوآرڈی نیشن میں بہتری سے معاملات بہتر ہوں گے‘ وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو مینڈیٹ دیا ہے ‘ جلد ترقیاتی کاموں کاآغاز ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ علامہ طاہر القادری قصاص کے لیے احتجاج پر نکلے تھے‘ ماڈل ٹائون سانحہ میں 14 نہتے لوگوں کو شہید کیا گیا اس لیے لوگوں نے نکلنا ہی تھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے لوگ پرامن رہیں‘ ایل او سی کو پار کرنے سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچے گا‘آزاد کشمیر میں عوام کے جذبات بھڑکے ہوئے ہیں‘ پورا کشمیر آزادی کے لیے کٹ مرنے کو تیار ہے‘ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو کشمیر کے لیے تشویش کے بجائے عملی اقدامات اٹھانے چاہییں،پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ صفر کے مہینے کے لیے تصاویر جاری کر دی ہیں جس سے چاند کی شہادت دیکھی جا سکتی ہے ‘ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ پر یکم صفر کی تاریخ 30 ستمبر بتائی گئی تھی جبکہ رویت ہلال کمیٹی نے یکم اکتوبر سے ماہ صفر کے آغاز کا اعلان کیا، عقل اور شعور رکھنے والے طبقے سے کہنا چاہتا ہوں کہ عقل اور علم سے ہی آگے جایا جاسکتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اصلاحات لا رہے ہیں‘ پہلے اسلامی کیلنڈر کو تشکیل د یا‘ اب ہم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک متعارف کرانے جارہے ہیں جو سائوتھ ایشیاء میں سب سے بڑا پارک ہو گا۔وزارت کے تحت بیٹری ریسرچ سینٹر بنانے جارہے ہیں جس سے آنے والے سالوں میں کھمبے ختم ہو جائیں گے اور بیٹری سسٹم شروع ہو جائے گا۔