عمران خان مولانا فضل الرحمن سے سیاسی ڈیل کریں‘ رحمن ملک

290

اسلام آباد (صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما، سابق وزیر داخلہ سینیٹر عبدالرحمن ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو مولانا فضل الرحمن سے سیاسی ڈیل کرنا چاہیے‘ عمران خان انا چھوڑ کر بلاول زرداری، مولانا فضل الرحمن اور تمام سیاسی پارٹیوں کے رہنمائوں کے گھر جائیں اور ان کے ساتھ بیٹھ کر بات کریں‘ عمران خان احتساب ضرور کریں اس سے انہیں کوئی نہیں روک رہا تاہم وہ امتیاز نہ برتیں اور بلاامتیار احتساب کریں‘ اس وقت قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہم اپنے آپ کو سفارتی محاذ پر تنہا کر چکے ہیں‘ کشمیر کا مقدمہ لڑنے کے ہمارے پاس 2 راستے ہیں ایک سفارتی محاز اور دوسرا قانونی جنگ ۔ 70 سال گزر جانے کے باوجود کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور آج بھی نہتے مظلوم کشمیری مر رہے ہیں‘ عمران خان کی تقریر اچھی تھی انہوں نے مودی پر وار کیا اور آر ایس ایس کی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پوری مسلم امہ میں کسی کی جرأت نہیں ہوئی کہ وہ اقوام متحدہ میں کشمیر کے حوالے سے بات کرے‘ ہمیں جو کرنا چاہیے ہم نہیں کر رہے ۔
رحمن ملک