جے یوآئی (ف) کے ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،گورنر پنجاب

98

لاہور(اے پی پی )گورنر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے کہ جے یوآئی (ف) کا پورے ملک کو میدان جنگ بنانے کا پلان عوام دشمنی ہے، ان کا ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نے کا ایجنڈہ کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، پاکستانی عوام بھی ان کے ایجنڈے کو مسترد کرتے ہیں، امید ہے جمہوری اور عوامی سوچ رکھنے والی کوئی بھی جماعت جے یوآئی (ف) کا ساتھ نہیں دے گی۔ وہ اتوار کولا ہور میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری سے اپنی رہائش گاہ پرملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ گور نر پنجاب سے اورسیز پاکستانیوں کے وفود نے بھی ملاقات کی۔ اورسیزپاکستانیوں نے گور نر پنجاب کو اپنے مسائل اور حکومتی اقدامات کی وجہ سے ملنے والے ریلیف کے بارے میں بھی بتایا جبکہ گورنر نے ملاقات کرنے والوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو مشکل تر ین معاشی حالات سے نکال کرترقی کی راہ پرگامزن کر رہے ہیں مگر بد قسمتی سے انتشار اور فساد کی سوچ رکھنے والی بعض اپوزیشن جماعتیں ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نے کی سازشیں کر رہی ہیں جو کسی بھی صورت ملک وقوم سے دوستی نہیں،ان کی سیاست سے ملک و قوم کو نقصان ہی ہوگا مگر حکومت گرانے کا اپوزیشن کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، ملک کو آج صرف اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت اوورسیز پاکستانیوں سے کیے جانے والے تمام وعدوں پرعمل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے میں اوورسیز پاکستانیوں کا بھر پور کردار ہے اس لیے ہم ان کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتے بلکہ ہر قدم پر ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور ان کے مسائل کو حل کیا جائیگا۔