شارٹ ٹرم اغواء میں بھی پولیس اہلکار ملوث نکلے،4گرفتار

193

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں پولیس اہلکار شارٹ ٹرم اغواء میں بھی ملوث نکلے، شارع فیصل پولیس کے 4 اہلکاروں کو شہریوں کے اغوا کے الزام میںگرفتار کر لیا گیا، اس قبل کراچی پولیس کے اہلکار ڈکیتی، خاتون سے زیادتی اور رہزنی کے الزام میںگرفتار ہو چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں شارٹ ٹرم اغواء میں ملوث شارع فیصل پولیس کے 4 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس اہلکاروں کی جانب سے شارٹ ٹرم اغواء کا نشانہ بننے والے 5 نوجوانوں نے اعلیٰ افسران کو درخواست دی کہ ان کو وقار نامی پولیس اہلکار سمیت 4 اہلکاروں نے 19 ستمبر کو اغوا کیا اور گلشن جمال میں واقع خالی پلاٹ پر لے گئے۔اہلکاروں نے متاثرہ نوجوانوں کی جیب سے 30 ہزار سے زاید رقم نکالی، اسی دوران متاثرہ نوجوانوں کے دوست کا فون آیا تو پولیس اہلکاروں نے اس کو بھی بلالیا اور زبردستی اے ٹی ایم لے جاکر 37 ہزار روپے نکلوائے اور تمام افراد کو رہا کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں نے دھمکی دی کہ کسی کو بتاؤ گے تو مقابلے میں مارے جاؤ گے۔ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق واقعے میں ملوث تمام اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔ ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف ایسی کارروائی کریں گے جو مثال بن سکے اور متاثرہ نوجوانوں کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔