رویت ہلال کمیٹی سے معافی کا مطالبہ کرنے والے فواد چوہدری کا اپنا کیلنڈر غلط نکلا

429

رویت ہلال کمیٹی سےماہ صفر کی غلط اطلاع پر معافی کا مطالبہ کرنے والے وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا قمری کیلنڈر غلط ثابت ہوگیاـ

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا چیئر مین سینیٹر مشتاق احمدکی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں صفر کے چاند کے معاملے پر رویت ہلال کمیٹی اور وزارت سائنس کے درمیان جاری تنازع پر گفتگو ہوئی ـ چیئر مین کمیٹی نے رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے کلینڈر میں غلطی تھی۔

خیال رہے کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے 30 ستمبر کو یکم صفر ہونے کا اعلان کیا تھا جب کہ رویت ہلال کمیٹی نے یکم اکتوبر کو یکم صفر کا اعلان کیا تھا۔

چیئرمین کمیٹی مشتاق احمد نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو رویت ہلال کمیٹی کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے اور رویت ہلال کمیٹی کو مضبوط کرنا چاہیے،رویتِ ہلال کے معاملے پر سائنس و ٹیکنالوجی کے آلات کا سہارا لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت رویت ہلال کے پاس بڑی بڑی دوربین ہیں اور وہ سائنسی آلات کا بھی سہارا لیتے ہیں،رویت ہلال کمیٹی والے ماہرین فلکیات کی مدد بھی لیتے ہیں کیونکہ اس میں چاند کا دیکھنا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں ماہ صفر کی غلط اطلاع دینے پر رویت ہلال کمیٹی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔