دوسرا ٹی ٹوئنٹی:سری لنکا نے پاکستان کو شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی

188

لاہور:سری لنکن کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کو شکست دیکر 3 میچوں کی سیریز اپنے نام کرلی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے بھانوکا راجاپاکسا نے 77 اور شیہان جے سوریا نے 34 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے عماد وسیم، شاداب خان اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغازاچھا نہ رہااور52 کے مجوعی اسکور پر پاکستان کی 5 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد عماد وسیم اور آصف علی نے کچھ مزاحمت کی اور ٹیم کےمجموعی اسکورکو 127پر پہنچایا۔ اس پر موقع پر عماد وسیم 29 گیندوں پر 47 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد وہاب ریاض 7، آل راؤنڈر شاداب خان 0 اور آصف علی 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے اور اس طرح پوری پاکستانی ٹیم 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 147 پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

قومی ٹیم میں کم بیک کرنے والے احمد شہزاد اور عمر اکمل ایک بار پھر اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے،احمد شہزاد 13 رنز اور عمر اکمل مسلسل دوسرے میچ میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ۔

سری لنکا کی جانب سے  نوان پرادیپ نے 4، ڈی سلوا نے 3 اور اسیرو اڈانا نے 2 وکٹیں حاصل کی۔

مہمان ٹیم نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے۔