سانحہ بلدیہ فیکٹری اور کرنٹ سے جاں بحق افراد کے اہلخانہ کیلیے تقریب آج ہو گی

109

کراچی (نمائندہ جسارت)پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے سربراہ سیف الدین ایڈووکیٹ نے ادارہ نور حق میںکمیٹی کی سینٹرل کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری اور بارشوں میں کے الیکٹرک کی غفلت کے باعث کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے لیے اتوار 6اکتوبر کو شام 6بجے ادارہ نور حق میں ’’تقریب اظہار یکجہتی ‘‘ منعقد کی جائے گی، تقریب کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ہوں گے۔تقریب سے سینئر وکلاء ، صحافی ، اساتذہ ، تاجر و صنعت کار اور ادبی شخصیات خطاب کریں گی ۔سیف الدین ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ کراچی شہر کو کچرے اور لاشوں کا شہر بنا دیا گیا ہے ۔ سرکاری اداروں کی غفلت اور لاپروائی کے نتیجے میں بھتا خوری کا شکار بننے والے بلدیہ فیکٹری کے 259مزدوروں کی یاد میںہر سال کی طرح اس سال بھی تقریب ِ اظہار یکجہتی کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ جس میں شہداء کے لواحقین اور سول سوسائٹی کے سرکردہ افراد متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے ۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ 30سال سے برسراقتدار حکمران ٹولے نے کراچی کو تباہی کے کنارے پہنچا دیا ہے ۔ ان کی نا اہلی کے سبب سرکاری و نیم سرکاری ادارے زمینی خدا بن چکے ہیں ۔ کراچی میں چند سال قبل ہیٹ ویو سے 4 ہزار اموات ہوئیں ۔ کسی کوبھی انصاف نہیں ملا ۔ بلدیہ فیکٹری کے 259مزدور محض بھتا لینے کی خاطر زندہ جلا دیے گئے ۔ سانحہ کو بھی 5 سال گزر نے کے باوجود انصاف نہیں ملا ۔ اسی طرح گزشتہ اورحالیہ بارشوں میں کے الیکٹرک کے ہاتھوں تقریباً 50قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا،ان کے مقدمات تک درج نہیں کیے جارہے ہیں ، پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی اتوار کو تقریب اظہار یکجہتی میں اس حوالے سے اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی ۔ دریں اثناء تقریب اظہار یکجہتی کی پروگرام کمیٹی کے انچارج عمران شاہد نے سول سوسائٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ شام 6بجے ادارہ نور حق میں اظہار یکجہتی کی تقریب میں شریک ہو کر متاثرین کی ہمت افزائی فرمائیں ۔تقریب سے سندھ ہائی کورٹ بار کے صدر محمد عاقل ایڈووکیٹ ، کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر نعیم قریشی ایڈووکیٹ ، کراچی پریس کلب کے صدر امتیار فاران ، ماہر تعلیم پروفیسر سلیم مغل ، معروف صحافی ضیاء الاسلام زبیری ، پاکستان بزنس فورم کراچی چیپٹر کے صدر شکیل ہاشمی ، رونق حیات ، اختر سعیدی و دیگرشریک ہوں گے ۔
بلدیہ فیکٹری