حکومت نے بجلی مہنگی کرکے عوام پر80ارب کا بوجھ ڈالدیا‘سعید غنی

123

کراچی (نمائندہ جسارت)وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ موجودہ نااہل اور نالائق حکومت نے صرف چند روز میں بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرکے عوام پر 80 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈال دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 2روزمیں بجلی کی قیمتوں میں پہلے 53 پیسے اور دوسرے روز 30 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا، پہلے ہی مہنگائی کے باعث عوام کی کمر ٹوٹی ہوئی ہے اورنااہل حکمرانوں کے باعث ادویات،
بجلی، گیس، پیٹرول سمیت تمام روزمرہ کی اشیاکی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ اٹھانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب سے متعلق جو وڈیو منظر عام پر آئی اس کی تحقیقات ہونی چاہیے اور اگر وہ قصور وار ہیں تو انہیں سزا ملنی چاہیے یا جس خاتون نے یہ وڈیو بنائی اور چلائی اس کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت سلیکشن کے ذریعے نہیں عوامی ووٹوں سے آئی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے ڈبوں کے کھلنے کا سلسلہ ڈپٹی اسپیکر کے ڈبوں سے شروع ہوچکا ہے اور جلد ہی یہ سلیکٹڈ حکمرانوں کے سامنے آجائیں گے۔سندھ حکومت نے سرکلر ریلوے کا ٹریک صاف کرنا شروع کیا تھا اور یہ کام بھی ریلوے انتظامیہ کے کہنے پر ہی روکا گیا ہے۔ سعید غنی نے کراچی میں صفائی مہم کواطمینان بخش قراردیاہے۔
سعید غنی