حیدرآباد، لطیف آباد اور قاسم آباد موہن جودڑو کا نقشہ پیش کررہے ہیں

434

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما عمران قریشی نے کہا ہے کہ حیدرآباد ، لطیف آباد اور قاسم آباد موہن جودڑو کا نقشہ پیش کررہے ہیں۔ شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جس سے اٹھنے والے تعفن سے بیماریاں پھیلنے کے علاوہ ڈینگی مچھر کی افزائش بھی ہورہی ہے۔ محکمہ صحت اور بلدیہ انتظامیہ کو مچھر مار اسپرے کی مد میں کروڑوں روپے کے بجٹ دیے جاتے ہیں لیکن یہ بجٹ بدعنوانی کی نظر ہوجاتے ہیں۔ شہری ملیریا ، ڈینگی، ٹائیفائیڈ سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہوکر اسپتالوں میں داخل ہورہے ہیں، جہاں ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ علاج کے نام پر انہیں دھکے دیے جاتے ہیں۔ صوبائی حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے عوامی وسائل کو اپنی عیاشیوں میں استعمال کررہی ہے۔ ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام، ملیریا کنٹرول پروگرام، ٹائیفائیڈ کنٹرول پروگرام سمیت دیگر پروجیکٹوں میں کام کرنے والے افسران و ملازمین قیمتی گاڑیاں لے کر گھومتے ہیں ۔ جعلی بل بنائے جاتے ہیں لیکن عوام کے مسائل دن بدن بڑھتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام اس صورتحال پر صوبائی حکومت کیخلاف احتجاج کرے اور سندھ حکومت کو مجبور کریں کہ وہ ان کے وسائل کا ناجائز استعمال کرنے کے بجائے ان ہی پر لگائیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں 10 سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے لیکن جس طرح حیدرآباد تباہی و بربادی کا شکا رہے اس کے علاوہ سندھ کے دیگر شہری اور دیہی علاقوں کی صورتحال کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ نیب اور اینٹی کرپشن کے اداروں کو اس طرف توجہ دینی چاہیے کیونکہ سب سے زیادہ لوٹ مار سندھ میں ہورہی ہے۔