سوئی سدرین گیس کمپنی کے محنت کشوں کو بے روزگار کیا جارہا ہے

111

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے سیکرٹری شکیل احمد شیخ نے وفاقی وزیر برائے توانائی سے مطالبہ کیا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے اس رویے کا فوری ازالہ کیا جائے، جس کے باعث محنت کشوں کو بے روزگار کیا جارہا ہے، وہ شمع کمرشل ایریا رشی گھاٹ حیدر آباد کے چھوٹے صنعت کاروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر این ایل ایف کے زونل سیکرٹری اعجاز حسین اور اظہر محمد گدی بھی موجود تھے۔ وفد نے شکیل شیخ کو بتایا کہ اس علاقے میں بڑی تعداد میں چھوٹے صنعتی ادارے ہیں جن میں ہزاروں محنت کش کام کرتے ہیں، صنعتی پیدوار کا انحصار سوئی گیس پر ہے اگر گیس کا پریشر پورا ملتا رہے تو ہم اپنے ادروں میں 24 گھنٹے پیدواری عمل جاری رکھ سکتے ہیں، لیکن یہاں منظور شدہ پریشر سے 25 فیصد تک کم ہوتا ہے جبکہ کمپنی گیس کا بل منظور شدہ پریشر کے مطابق وصول کررہی ہے۔ ہمارے لیے سوائے صنعتی یونٹ بند کرنے کے کوئی راستہ نہیں ہے۔ شکیل احمد شیخ نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ہر ممکن تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل لیبر فیڈریشن اگرچہ محنت کشوں کی تنظیم ہے لیکن ہم بہتر صنعتی ماحول کے لیے سرمایہ کاروں کی خدمات کا نہ صرف اعتراف کرتے ہیں بلکہ صنعتوں میں پیداواری عمل جاری رکھنے کے لیے ہر ممکن تعاون بھی کرتے ہیں۔