تحریک انصاف کے سابق رہنما کو مسجد سے نکلتے ہوئے گولی ماردی گئی

145

کراچی (نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما کو مسجد سے نکلتے ہوئے گولی ماردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق عہدے دار آصف کو گالی مار کے قتل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے معاملہ ٹارگٹ کلنگ قرار دے دیا ہے۔ حکام کے مطابق 43 سالہ محمد آصف عرف چِکنی پر فیڈرل بی ایریا کے بلاک 8 میں فائرنگ کی گئی۔عزیز آباد پولیس نے کہا کہ عصر کی نماز کے بعد محمد آصف جیسے ہی مدنی مسجد باہر آئے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ فائرنگ سے محمد آصف کی گردن پر گہرا زخم آیا اور انہیں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال کے پولیس سرجن ڈاکٹر قرار احمد عباسی نے کہا کہ محمد آصف راستے میں ہی دم توڑ چکے تھے اور یہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔اندھے قتل کا سراغ لگانے کے لیے پولیس نے مسجد کے اطراف میں پوچھ گچھ شروع کر دی ہے جبکہ جائے وقوع سے گولیوں کے خول اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے بھی ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ واقعہ کی چھان بین کی جارہی ہے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے البتہ اس ضمن میں مزید تفتیش جاری ہے جبکہ یہ قتل ذاتی دشمنی کا نتیجہ بھی ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد آصف کو گردن کے پیچھے لگنے والی گولی ان کے دائیں رخسار کو پار کرکے نکل گئی تھی۔
پی ٹی آئی رہنما قتل