اسمگلنگ سے قانونی تجارت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی‘ کوئٹہ چیمبر

126

کوئٹہ( نمائندہ جسارت) کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں اسمگلنگ کے باعث قانونی تجارت بند ہونے کے قریب ہے ، لیگل ٹریڈ کے متوازی چلنے والی اسمگلنگ بند نہ کی گئی ہڑتال کر کے کاروبار بند کردیں گے۔ کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیمبر آف کامرس کوئٹہ کے سینئر نائب صدر بدرالدین کاکڑ اور دیگر عہدیداروں کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دانستہ طور پرقانونی تجارت کو مختلف بہانوں سے بند کرنے اور اسمگلنگ کو فروغ دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں ، وفاقی حکومت اور ایف بی آر کا دعویٰ ہے کہ کاروبار کرو اور ٹیکس دو ، مگر بلوچستان میں اس کے برعکس کسٹم حکام اور ایف بی آر اسلام آباد کا عملہ قانونی تجارت کو مختلف بہانوں سے بند کرنے کے درپے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ ایران سے درآمد ہونے والی تمام اشیا باقاعدہ ڈیوٹی ٹیکس ادا کرنے کے بعد کسٹم کلیئر کیا جاتا ہے مگر کلیئرنس کے باوجود کلیکٹرکسٹم پریوینٹو کا عملہ مختلف بہانوں سے چیک پوسٹوں پر بھتا لینے کے لیے ٹرکوں کو روک دیتا ہے یہ مسائل لیکر جب ہم کوئٹہ میں کلیکٹر کسٹم کے پاس جاتے ہیں تو تعاون کے بجائے مسائل سننے سے ہی انکار کردیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر بلوچستان میں لیگل ٹریڈ کی راہ میں حائل رکاؤٹیں دورکرنے اور کسٹم حکام کی جانب سے اسمگلنگ کی حوصلہ افزائی کا فوری نوٹس نہ لیا گیا تو ہم بلوچستان میں قانونی تجارت اور تمام پورٹس بند کرکے ہڑتال شروع کر دیں گے جس کیلیے صوبے کی تمام تاجر تنظیموں اور سیاسی جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔