دنیا طاقتور وں کی ہے‘ التجائیں کرنیوالوں کو پشیمانی کاسامنا کرنا پڑتا ہے‘ لیاقت بلوچ

378
لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقات بلوچ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کررہے ہیں
لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقات بلوچ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کررہے ہیں

لاہور( نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور مجلس قائمہ سیاسی انتخابی پارلیمانی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ دنیا طاقتوروں کی ہے بھیک ، قرضے اور رحم کی التجائیں کرنے والوں کو دنیا میں حمایت نہیں پشیمانی کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔ وزیراعظم عمران خان جنرل اسمبلی میں اچھی تقریر کے بعد ریاست مدینہ طرز کا نظام نافذ کریں ۔ اسلامی قوانین کی حفاظت کا دو ٹوک اعلان کریں ۔ کشکول توڑ کر خود انحصاری پر مبنی اسلامی معاشی نظام نافذ کریں ۔ جمعیت علمائے اسلام کو دینی ، سیاسی ، جمہوری جماعت کی حیثیت سے احتجاج کا حق حاصل ہے ۔ حکومت غیر آئینی ، غیر جمہوری اور آمرانہ روش اختیار نہ کرے ۔ ملک میں آئینی، جمہوری ، پارلیمانی حدود کی ہر صورت سب کو پابندی کرنا ہوگی ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوںنے منصورہ میں کارکنان کی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تربیت گاہ سے نائب امرا جماعت اسلامی راشد نسیم ، عبدالغفار عزیز اور سابق نائب امیر حافظ محمد ادریس نے بھی خطاب کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ قومی وحدت و یکجہتی قومی سلامتی کی کلیدہے ۔ حکومت ، اپوزیشن اور ریاستی ادارے قومی سلامتی کے تحفظ اور استحکام و یکجہتی کے سفر کے لیے ایک پیج پر آئیں ۔ جن سے غلطیاں ہوئی ہیں ،اپنی غلطیاں تسلیم اور ان کاازالہ کریں ۔ علما ئے دین ، سیاستدان ، پولیس افسر شاہی ، عسکری قیادت اور تاجر اور سب سے بڑھ کر ہمارے دین و ایمان اور جسم و جان کے محافظ یکسو اور یک جان ہو جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 6 اکتوبر کو لاہور میں فقید المثال آزادی کشمیر مارچ ہوگا ۔ قومی اتفاق رائے کی کشمیر پالیسی آزادیٔ کشمیر کے روڈ میپ کے لیے حکومت کو مجبور کرے گی ۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے علامہ طاہر اشرفی کی والدہ ، حبیب رفیق بھٹو کے ڈائریکٹر خالد رفیق کے انتقال پر تعزیت اور مقامی ہسپتال میں علماء و مشائخ رابطہ کونسل کے چیئرمین خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ کی عیادت کی ۔