سربراہ پاک بحریہ کا رائل ملائیشین نیول تنصیبات کادورہ

102

اسلام آباد (اے پی پی) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے رائل ملائیشین نیوی کے ویسٹرن فلیٹ ہیڈکوارٹرز،ا سپیشل فورس ٹریننگ سینٹر، نیول شپ یارڈ اور نیول ائر آرم کا بھی دورہ کیا۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے دورہ ملائیشیا کے اختتامی مرحلے میں مصروف ترین دن گزارا۔ پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق ویسٹرن فلیٹ ہیڈکوارٹرز آمد پرپاکستان کے نیول چیف کا پرجوش استقبال کیاگیا ۔ ملائیشین ویسٹرن فلیٹ کمانڈر سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سربراہ پاک بحریہ نے اس موقع پر انہیں تربیتی اور آپریشنل سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔نیول چیف نے ٹریننگ سینٹر میں موجود سہولیات اور ٹریننگ کے معیار کو سراہا۔بعد ازاں نیول چیف نے بوسٹیڈ نیول شپ یارڈ کا دورہ کیا جہاں انہیں جہازوں کی مرمت اور مینٹیننس کی صلاحیتوں کے بارے میںبریفنگ دی گئی۔ترجمان کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف کا ملائیشیا کا دورہ دونوں ممالک کو مزید قریب لانے اور بحری افواج کے درمیان تعلقات کے فروغ کا باعث بنے گا۔