تاجروں کا بھارت سے تجارت معطلی کا فیصلہ خوش آئند ہے، مشال ملک

339

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حریت پسند کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کراچی بالخصوص تاجروں نے جو کردار ادا کیا وہ غیر معمولی ہے، پاکستانی تاجروں کا بھارت سے تجارتی سرگرمیوں کی معطلی کا فیصلہ خوش آئند ہے، پاکستانی تاجر مشکل معاشی صورتحال کے باوجود کشمیر کیلیے انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں، بھارت نے 70 سال سے کشمیریوں پر جنگ مسلط کی ہوئی ہے، کشمیری 2 ماہ سے بھارتی قید میں ہیں، وہاں بھوک و افلاس اور تشدد بڑھتا جا رہا ہے۔ وہ ہفتے کو وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) میں اپنے اعزاز میں تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر مشال ملک کی والدہ ریحانہ حسین، فیڈریشن کے صدر انجینئر دارو خان اچکزئی اور تاجر رہنما ایس ایم منیر نے بھی خطاب کیا۔ مشال ملک نے کہا کہ تاجر برادری پاکستان اور کشمیریوں کے مشکل وقت میں ہراول دستہ ثابت ہوئی ہے۔ اب ہمیں تاجر برادری کے اشتراک سے اسپیشلائزڈ اسٹریٹجک سیل بنانا ہوگا۔ اقوام عالم کی آگاہی کیلیے مسئلہ کشمیر، کشمیر کی ثقافت پر سوشل میڈیا میں منظم مہم شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجز سے یا تو کوئی ختم ہوجاتا ہے یا شیر بن کر ابھرتا ہے۔ مشال ملک کی والدہ ریحانہ حسین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی تاجر برادری کے جذبے نے حوصلے بلندکیے ہیں۔ میڈیا اور صحافیوں کا بھی اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک 14 سال کی عمر سے کشمیرکی آزادی کی جدوجہدکر رہے ہیں، آر ایس ایس کے متواتر تشدد سے ان کا جسم چھلنی چھلنی ہوچکا ہے۔ پاکستان میں کشمیر سینٹر قائم کرنا چاہیے جہاں بین الاقوامی وفود کو کشمیر سے متعارف کرایا جاسکے۔ایف پی سی سی آئی کے صدر انجینئر دارو خان اچکزئی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مسئلہ کشمیر پر ممکنہ ایٹمی جنگ سے دنیاکو آگاہ کرچکے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کا واحد حل صرف آزادی ہے۔ دنیا کو مسلمانوں کے حوالے سے منفی سوچ تبدیل کرنا ہوگی۔ مسئلہ کشمیر پر ایف پی سی سی آئی حکومت کے ساتھ ہے۔