ریاست مدینہ کے قیام کے لیے حکومت سنجیدہ نہیں ، مجلس احرار

161

لاہور (نمائندہ جسارت) مجلس احرار اسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس نے ایوان احرار نیومسلم ٹائون لاہور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام امن و سلامتی کا درس دیتا ہے، ریاست مدینہ کے قیام کے لیے حکومت سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کہہ دینے سے نہیں بن جاتی، اس کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ ہمارے حکمران پہلے حضور پاکﷺ کی حیات طیبہ کو اپنائیں اور پھر جس طرح حضور پاکﷺ نے اپنے صحابہ کرامؓ اور جانثاروں کی جماعت تیار کی اور دنیا میں امن کی مثالیں قائم کیں، جو آج کے حکمرانوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران اگر سنجیدہ ہیں تو وہ پہلے اسلامی نظام معیشت کو اپنائیں اور سود جیسی لعنت سے چھٹکارا حاصل کریں۔ اسلامی نظام معیشت کو اپنانے سے ہی ہماری معیشت ٹھیک ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 11-12 ربیع الاول کو قدیمی جامع مسجد احرار چناب نگر میں ہونے والی سالانہ احرار ختم نبوت کانفرنس کی کارکن آج سے ہی تیاریاں شروع کردیں۔