انسداد ٹائیفائیڈ ویکسینیشن مہم کا آغاز 11 نومبر سے ہوگا، عثمان تنویر

105

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ محمد عثمان تنویر کی زیر صدارت ٹائیفائیڈ (آنتوں کے بخار) سے بچائو کے لیے ویکسینیشن مہم کے متعلق اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں ایم پی اے سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹائیفائیڈ (آنتوں کا بخار) ہمارے ملک میں ایک بڑھتا ہوا مسئلہ ہے، یہ ایک بیکٹیریا ہے جوکہ آلودہ خوراک کے ذریعے پھیلتا ہے، جو انسان بیت الخلا کے وقت خارج کرتا ہے اور پھر اگر کوئی احتیاط نہیں کرتا تو وہ اپنے گندے ہاتھوں کے ذریعے اس بیماری کے پھیلائو کا باعث بنتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ آلودہ پانی جیسا کہ اگر کھانا پکاتے ہوئے یا سبزیوں کو دھوتے ہوئے ہم گندا پانی استعمال کریں تو یہ اس طرح بھی پھیلتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ اور ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے 11 تا 23 نومبر 2019ء تک ضلع کی 6 یونین کونسلز میں ٹائیفائیڈ سے بچائو کے متعلق ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے والدین باالخصوص اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ ٹائیفائیڈ سے بچائو کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے متعلق طلبہ میں آگہی اور شعور بیدار جبکہ اس ضمن میں تعلیمی اداروں میں آنے والی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچائو کی ویکسین لگوائیں تاکہ انہیں اس مہلک بیماری سے بچایا جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوگل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ ٹاؤن افسران کو پابند کریں کہ وہ ویکسینیشن مہم کے دوران آنے والی ٹیموں سے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائیں۔