شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کے 60 فیصد انتظامات مکمل ہوچکے

145

بھٹ شاہ (نمائندہ جسارت) کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے 14 صفر سے شروع ہونے والے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس مبارک کے انتظامات سے متعلق قائم کردہ سب کمیٹیوں کو کام کی رفتار تیز کرنے، ٹاؤن کمیٹی آفیس بھٹ شاہ میں پیر سے کنٹرول روم قائم کرکے ہر محکمے کا ایک افسر کنٹرول روم میں مقرر کرنے، غیر یقینی موسمی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے امکانی بارشوں کے پیش نظر انتظامات کرنے، انسداد ملیریا اور ڈینگی کا اسپرے روزانہ کی بنیادوں پر کرنے، کراڑ جھیل کے نزدیک تجاوزات اور غیر قانونی اسٹالز ہٹانے کے احکامات دیتے ہوئے کہا ہے کہ عرس مبارک میں لاکھوں کی تعداد میں زائرین شرکت کریں گے، اس لیے تمام افسران دیانتداری سے اپنے فرائض انجام دیں اور کسی بھی قسم کی غفلت سے اجتناب کریں۔ اجلاس میں ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم احمد شیخ، ڈپٹی کمشنر مٹیاری غلام حیدر چانڈیو، ایس ایس پی مٹیاری آصف احمد بگھیو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو نعیم احمد سومرو، اسسٹنٹ کمشنر ہالا عبدالمجید زہرانی، اسسٹنٹ کمشنر سعیدآباد عمار حسین رضوی، اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبدالکریم سنگراسی، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمد صابر کاکا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کلچر وسیم گل شیخ، ایکسیئن حیسکو اختیار میمن سمیت متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری غلام حیدر چانڈیو نے اجلاس میں بتایا کہ عرس مبارک کے 60 فیصد انتظامات مکمل ہوچکے ہیں باقی کام تیزی سے جاری ہے، متعلقہ محکموں کے مربوط رابطے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں اور آئندہ پیر سے بھٹ شاہ میں کنٹرول روم قائم کرکے متعلقہ محکموں کے نمائندوں کو بھٹ شاہ میں رہنے کا پابند بنایا جائے گا۔ گیارہ اور بارہ اکتوبر کو تعلیمی اداروں میں لطیف ڈے منایا جائے گا۔