ٹائیفائیڈ بخار پر آگاہی کے لیے سوشل میڈیا پر مہم چلائی جائے، ندیم الرحمن

139

عمرکوٹ (نمائندہ جسارت) ٹائیفائیڈ بخار ایک موذی مرض ہے، جس کے لیے 11 نومبر سے 23 نومبر 2019ء تک ویکسینیشن کی جائے گی، جس کی آگاہی کے لیے سوشل میڈیا پر مہم چلائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم الرحمن میمن نے ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں ڈی پیک کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے محکمہ صحت کے نمائندوں سے ٹائیفائیڈ بخار کے بچاؤ اور ویکسین سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی۔ اس موقع پر ٹائفائیڈ کیمپین ویکسین (ٹی سی وی) 2019ء کے فوکل پرسن ضلع عمرکوٹ ڈاکٹر فرید احمد ہنگورجو نے کہا کہ مہم میں کل ٹارگٹ 107178 ہے جس میں ضلع عمرکوٹ کی کل چار یونین کونسلز میں سے یوسی عمرکوٹ ون، یوسی غریب آباد، یوسی سامارو شہر اور یوسی کنری میں بچوں کو ویکسین کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم ماس لیول پوری دنیا میں سب سے پہلے صوبہ سندھ میں ہو رہی ہے، جس میں پیرا میڈیکل عملے اور ڈاکٹروں کی ٹرینگ 8 اکتوبر سے 15 اکتوبر تک کروائی جائے گی اور حکومت سندھ کی جانب سے آنے والے وقت میں اس مہم کے لیے سینٹینل سائیڈ کی لیبارٹریوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کو سو فیصد کامیاب کرنا ضروری ہے اور ہر تعلقہ میں اجلاس طلب کرکے ٹائیفائیڈ کے بخار سے بچاؤ کی ویکسین کرنے کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے۔