اساتذہ کا ملک و قوم کا مستقبل روشن کرنے میں اہم کردار ہے

110

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ نے ورلڈ ٹیچر ڈے پورے جوش و خروش سے منایا اور سرکاری ونجی تعلیمی اداروںمیں اساتذہ میں پھول اور تحائف تقسیم کیے۔ اس موقع پر اسلامی جمعیت طلبہ شہر کے ناظم حافظ امان اللہ نے کہاکہ اساتذہ ملک و قوم کا مستقبل روشن کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جس قوم نے اپنے اساتذہ کی عزت نا کی وہ کبھی کامیابی کی بلندیوں کو نہیں پہنچ سکتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے ہمیشہ اساتذہ کی عزت کو اپنی عزت سے بڑھ کر سمجھا ہے، اساتذہ ہی کی بدولت دنیا کے ہر شعبے تخلیق پائے، ان کی عزت ہم سب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ استاد کا تعلیمی نظام میں بنیادی کردار ہے۔ اس کی حیثیت ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے۔ اس کے بغیر نظام تعلیم ادھورا ہے۔ استاد تعلیمی نظام میں ایک ستون ہے، جس کے بغیر تعلیم کی عمارت نامکمل ہے۔ ہمارا مذہب دین اسلام بھی استاد کی عزت و تکریم کا درس دیتا ہے۔ حضرت علیؓ فرماتے ہیں کہ اگر کسی نے مجھے ایک لفظ بھی سکھایا تو میں اسکا غلام ہوں پھر اُس کی مرضی ہے مجھے بیچے آزاد کرے یا غلام رکھے۔ آج بھی ترقی یافتہ ممالک میں استاد کو ایک خاص مقام حاصل ہے اور اس کے معاشی و معاشرتی مقام کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ عوام کو احساس ہو کہ یہ ہمارا استاد ہے تاکہ لوگ اس کے عزت ووقار کو دیکھتے ہوئے اس مقدس پیشے کو اپنائیں۔