واٹر فلٹر پلانٹ آپریٹرز کو 10 ماہ کی تنخواہ ادا کی جائے، عطا محمد

129

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) پاک اوسس کمپنی کے ضلع بھر میں کام کرنے والے آر او واٹر فلٹر پلانٹ آپریٹر نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں بڑی تعداد میں آپریٹرز نے شرکت کی۔ ضلع بھر میں کام کرنے والے پاک اوسس کمپنی کے واٹر فلٹر پلانٹ آپریٹرز نے گزشتہ 10 ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کیخلاف میرپورخاص پریس کلب کے سامنے کیے جانے والے احتجاجی مظاہرے میں شامل آپریٹرز نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر مطالباتی نعرے درج تھے۔ اس موقع پر آپریٹرز عطا محمد، فیضان، روشن احسان اور دیگر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سال سے ہماری تنخواہیں رک رک کر آرہی تھیں لیکن اب گزشتہ دس ماہ سے تو وہ بھی نہیں مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں 45 سے زائد آپریٹرز کام کر رہے ہیں جن کو تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے ان کے گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک آپہنچی ہے اور ہم دس سال سے ڈیوٹی کر رہے ہیں اور ہم پاک اوسس کے ملازم ہیں اور ہماری مانیٹرنگ پاک اوسس اور پبلک ہیلتھ دونوں کررہے ہیں اور دونوں ہی ادارے ہماری تنخواہیں جاری کرانے میں دلچسپی نہیں لے رہے، کوئی بھی افسر ہماری بات سننے کو تیار نہیں ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ اور پاک اوسس کمپنی سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر ہماری تنخواہیں جاری کرائی جائیں اور تنخواہوں میں اضافہ بھی کیا جائے تاکہ اس مہنگائی کے دور میں ہمارا گزر بسر ہوسکے بصورت دیگر ہم فلٹرپلانٹ بند کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔