قائداعظم ٹرافی چوتھے مرحلے کا پہلا روز بلے بازوں کے نام

112

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سنٹرل پنجاب اور خیبرپختونخوا کی ٹیموں کے درمیان میچ ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ہے۔ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر میزبان ٹیم نے کپتان محمد رضوان کی سنچری اور اشفاق احمد کی شانداربیٹنگ کی بدولت 2وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب کے کپتان اظہر علی نے ٹاس کیے بغیر پہلے فیلڈنگ کرنے کا اعلان کیا۔ خیبرپختونخوا کے اوپنرز اسرار اللہ اور صاحبزادہ فرحان کے درمیان 77 رنز کی اوپننگ شراکت قائم ہوئی۔ اسرار اللہ 43 اور صاحبزادہ فرحان 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔جس کے بعد کپتان محمد رضوان اور اشفاق احمد کے درمیان 220 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی۔ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں شرکت کے بعد ایک بار پھر میزبان ٹیم کی قیادت کرنے والے محمد رضوان نے 14 چوکوں کی مدد سے سنچری اسکور کی اور اس سلسلے میں گذشتہ 3 راؤنڈز میں مسلسل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اشفاق احمد نے کریز پر کپتان کا بھرپور ساتھ دیا۔ دن کے اختتام پر محمد رضوان 111 اور اشفاق احمد 98 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ٹیم سنٹرل پنجاب کی جانب سے فاسٹ باؤلرز احسان عادل اور نسیم شاہ نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔دوسری جانب کے آرایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں ناردرن اور بلوچستان کی ٹیموں کے درمیان میچ کا آغاز ہوگیا ہے۔ میزبان ٹیم نے نوجوان اوپنر حیدر علی اور مڈل آرڈربیٹسمین فیضان ریاض کی سنچریوں کی بدولت دن کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 365 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل ناردرن کرکٹ ٹیم کے کپتان عمرا مین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ 10 کے مجموعی اسکور پر اوپنر ذیشان ملک 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیتاہم میزبان ٹیم کے دوسرے اوپنر حیدر علی نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 147 گیندوں پر 2 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 133 رنز بنائے۔ دوسری جانب مڈل آرڈربیٹسمین فیضان ریاض نیبھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔مڈل آرڈر بیٹسمین نے ناقابل شکست 113 رنز بنائے جبکہ علی سرفراز 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ میچ کے دوسرے روزفیضان ریاض 113 اور حماد اعظم 5 رنز سے پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ بلوچستان کی جانب سے تاج ولی اور محمد اصغر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاہے۔سندھ اورسدرن پنجاب کے درمیان میچ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں شروع ہوگیا ہے۔ میچ کے پہلے روز سدرن پنجاب نے کپتان شان مسعود کی سنچری کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل سندھ کے کپتان اسد شفیق نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیاتو ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں شاندار ڈبل سنچری اسکور کرنے والے اوپنر سمیع اسلم محض 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیتاہم اب تک ایونٹ میں بڑی اننگز کی تلاش میں بیٹھے کپتان شان مسعود نے میزبان ٹیم کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 118 رنز بنائے۔ مڈل آرڈربیٹسمین صہیب مقصود بھی نصف سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔ وہ 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ دن کے اختتام پر وکٹ کیپر بیٹسمین عدنان اکمل 39 اور عامر یامین 16 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔سندھ کے ولیداحمد اورتابش خان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔