وزیراعظم کا طبقاتی نظام تعلیم ختم کرنے کا اعلان خوش آئند ہے،فوزیہ صدیقی

164

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ عافیہ موومنٹ وزیراعظم عمران خان کے ملک سے طبقاتی نظام تعلیم ختم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتی ہے اور اس بات کا یقین دلاتی ہے کہ عافیہ وطن واپس آکر اپنی ماہرانہ تعلیمی صلاحیتوں سے ملک و قوم کی بھرپور خدمت کرے گی۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی ’’ورلڈ ٹیچرز ڈے‘‘ کے موقع پر اساتذہ کوان کی دینی و ملی خدمات پر خراج تحسین پیش کرنے کیلیے گلشن اقبال میں واقع ڈاکٹر عافیہ کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب کے شرکا سے خطاب کررہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ استاد کا مقام ومرتبہ نہایت بلند ہے۔تعلیم، تجارت ہرگز نہیں ہے۔ معاشرے میں بلند و بالا مقام حاصل کرنے کے لیے یہ بات اساتذہ اور پرائیویٹ اسکول مالکان کو لازمی سمجھنا ہوگی۔انسان جس سے بھی کچھ سیکھے وہ استاد کا درجہ رکھتا ہے اور اس کا احترام فرض ہے۔ اگر سیکھنے والا ، سکھانے والے کا احترام نہیں کرتا تو وہ علم محض ’’رٹا‘‘ ہے۔اساتذہ کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے شاگردوں کو رٹا نہیں بلکہ علم کی دولت عطا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں اور کالجوں کی حالت سدھارے بغیر تعلیم کو عام کرنے کا خواب پورا نہیں ہو سکتا ہے۔ تعلیمی معیار کو بلند کرنے کیلیے حکومت سرکاری اور پرائیویٹ اسکول کے اساتذہ کی فلاح وبہبود اور تربیت کا ملکی سطح پر مختصر اور طویل المدتی پروگرام ترتیب دے۔