تعمیرات کی صنعت کو فکس ٹیکس اسکیم میں لایا جائے‘نعمان صدیقی

92

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے چیئر مین نعمان باقی صدیقی نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریو نیو( FBR)نے کنسٹرکشن انڈسٹری کے لیے فکس ٹیکس اسکیم متعارف کروائی ہے اسی طرح تعمیرات سے وابستہ صنعت کو بھی فکس ٹیکس اسکیم میں لایا جائے جس میں ماربل اور گرینائٹ کی صنعت اہم کردار ادا کرتی ہے ماربل کا فکس ٹیکس سسٹم بحال کیا جائے جس سے ریوینیو میں اضافہ اور ڈاکومنٹیشن کی شرط بھی پوری ہونے کا امکان ہے ، دوسری صورت میں لاکھوںلوگوںکے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے جو ملک کے پسماندہ علاقوں سے مزدوری کے لیے آتے ہیں، ماربل انڈسٹریز سے وابستہ لوگ مسائل میں گہرے ہوئے ہیں ان مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومت سنجیدگی سے جامع حکمت عملی اختیار کرے ، انہوں نے کہا کہ فکس ٹیکس اسکیم سے ماربل انڈسٹریز میں جو بے چینی پھیلی ہوئی ہے وہ دور ہوجائے گی اپنی انڈسٹری کو مضبوط کرنے اور اس کے درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے ہرممکن کوشش کرینگے۔