پہلا ٹی20: سری لنکا کے ہاتھوں پاکستان کو64 رنز سے شکست

202
لاہور: پہلے ٹی 20میں پاکستانی باؤلر محمد حسنین ہیٹ ٹرک کرنے کے بعد داد وصول کررہے ہیں
لاہور: پہلے ٹی 20میں پاکستانی باؤلر محمد حسنین ہیٹ ٹرک کرنے کے بعد داد وصول کررہے ہیں

لاہور (اسپورٹس رپورٹر) سری لنکا نے 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو64 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹی 20 لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کیلیے166 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم101 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ افتخار احمد 25 رنز بناکر نمایاں رہے۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو طویل عرصے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ فہیم اشرف کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی تاہم عمر اکمل اور احمد شہزاد ایک بار پھر ناکام رہے۔ سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ مہمان ٹیم کی جانب سے اوپنر دنوشکا گوناتھلاکا 57 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے 3 اور شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ محمد حسنین نے 16 ویں اوور کی آخری گیند پر بھانوکا راجاپاکسا کو آؤٹ کیا اور اس کے بعد 19 ویں اوور کی پہلی دو گیندوں پر ڈاسن شناکا اور شیہان جے سوریا کو پویلین کو راہ دکھائی۔وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر ترین بولر بن گئے ہیں۔