ایل او سی پار کرنا بھارت کے ہاتھوں کھیلنا ہوگا‘دہلی بہانہ بنا کر حملہ کرسکتا ہے‘ عمران خان

152

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر سے ایل او سی پار کرنے والے بھارتی بیانیے کے ہاتھوں میں کھیلیں گے،نئی دہلی بہانہ بناکر حملہ کر سکتا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں آزاد کشمیر کے لوگوں میں مقبوضہ کشمیر میں 2 ماہ سے جاری غیرانسانی کرفیو میں محصور کشمیریوں کے حوالے سے پائے جانے والے کرب کو سمجھ سکتا ہوں۔ انہوں نے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ لیکن اہل کشمیر کی مدد یا جدوجہد میں ان کی حمایت کی غرض سے جو بھی آزاد کشمیر سے ایل او سی پار کرے گا وہ بھارتی بیانیے کے ہاتھوں میں کھیلے گا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ وہ بھارتی بیانیہ جو پاکستان پر اسلامی دہشت گردی کا الزام عاید کرکے بھارت کے ظالمانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں کی جائز جدوجہد سے توجہ ہٹانے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی پار کرنے سے بھارت کو مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر تشدد بڑھانے اور کنٹرول لائن کے پار حملہ کرنے کا جواز مل جائے گا۔ خیال رہے کہ وزیراعظم کی جانب سے مذکورہ بیان یھارت کی قید میں موجود حریت پسند کشمیری رہنما یٰسین ملک کی سربراہی میں قائم تنظیم جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی جانب سے آزاد کشمیر سے ایل او سی کی جانب پرامن آزادی مارچ کے آغاز کے تناظر میں دیا گیا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان آئندہ ہفتے چین کے سرکاری دورہ پر بیجنگ پہنچیں گے، اپنے دورہ کے دوران وزریراعظم عمران خان چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی کیانگ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے اور چینی رہنمائوں سے خطے کے امور اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اپنے دورہ چین کے دوران وزیراعظم چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے تحت مختلف منصوبوں کی توسیع، سی پیک فریم ورک کے ساتھ ساتھ زرعی، صنعتی اور معاشی و اقتصادی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور معاشی تعاون میں مزید اضافہ کے حوالے سے منعقدہ چائنا پاکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔ اپنے دورہ کے دوران وہ مختلف چینی کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے دوران چین پاکستان آزادانہ تجارت کے معاہدے کے دوسرے مرحلے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا تاکہ دونوں تذویراتی شراکت دار ممالک کے درمیان معاشی و تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دی جاسکے۔ وزیراعظم نے گزشتہ سال نومبر میں اپنے پہلے سرکاری دورہ چین کے موقع پر پہلی چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں بھی شرکت کی تھی۔ رواں سال اپریل میں وزیراعظم عمران خان نے دوبارہ چین کا دورہ کیا اور بیجنگ میں بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے حوالے سے منعقد ہونے والی دوسری بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کی تھی۔