سعودی ولی عہد کی جانب سے طیارے کو واپس بلانے کی خبر من گھڑت ہے،حکومتی ترجمان

682

اسلام آباد:حکومتی ترجمان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے وزیراعظم کے طیارے کو کینیڈا سے واپس نیویارک بلانے کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر بے بنیاد اورمن گھڑت ہے۔

حکومتی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق  شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے وزیراعظم کے طیارے کو کینیڈا سے واپس نیویارک بلانے کی خبر من گھڑت ہے جسے مسترد کرتے ہیں۔

حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ  ویکلی میگزین میں شائع ہونے والی رپورٹ میں عالمی رہنماؤں کے ساتھ وزیر اعظم کی کامیاب بات چیت کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی۔ رپورٹ میں ترکی اور ملائشیا کے رہنماؤں سے وزیر اعظم کی ملاقاتوں پر بھی خود ساختہ کہانی گھڑی گئی ،آرٹیکل کا مقصد سیاسی فوائد کے لئے 2 ممالک کے برادرانہ تعلقات کو سبوتاژ کرنا ہے۔

جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی قیادتیں انتہائی خوشگوار اور برادرانہ تعلقات ہے،دونوں ممالک کےتعلقات کوسبوتاژ کرنے کی کوشش سے ظاہر ہوتا ہے اپوزیشن کتنی مایوس ہے۔ مفادات کے حامل افراد ہی اس طرح کے اشتعال انگیز اور بے بنیاد دعووں کے ساتھ سامنے آئیں گے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان دورہ امریکا مکمل کرنے کے بعد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے خصوصی طیارے کے ذریعے واپس آرہے تھے کہ طیارے میں مبینہ طور پر فنی خرابی کے باعث انہیں واپس امریکا جانا پڑا تھا۔