کراچی میں دو سو ایئر کنڈیشن بسوں کے بعد الیکٹرک بس منصوبے کا اعلان

424

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے سندھ میں گیارہ سالہ دور حکومت میں کراچی کے شہریوں کو سستی سفری سہولیات تو نہیں مل سکیں لیکن نت نئے منصوبوں کو شروع کرنے کی خوشخبریاں ضرور سنائی گئیں،تین ہزار بسیں، دو سو ایئر کنڈیشنڈ بسوں کے بعد الیکٹرک بس منصوبے کا اعلان کردیا گیاہے۔

گیارہ سال گزر گئے،پہلے ناصر شاہ نے تین ہزار بسیں کراچی کی سڑکوں پر لانے کا اعلان کیا۔ تاریخ پر تاریخ دی حتی کہ حکومتی مدت پوری ہو گئی۔پھر آئے نئے وزیر ٹرنسپورٹ اویس قادر شاہ جنہوں نے مئی میں اعلان کیا کہ ڈائیوو سے معاہدے کے تحت دو ماہ کے اندر دو سو بسیں سڑکوں پر لائیں گے،اکتوبر آگیا بسیں تاحال نہیں آئیں ہیں۔

وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی شہریوں کو تسلی دیتے ہوئے صرف اتنا ہی کہہ سکے کہ تمام منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ سیا سی ومذہبی جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے الیکٹرک بس منصوبے کو عوام کے ساتھ ایک اورمذاق قرار دے دیا ہے۔

سندھ حکومت شہر میں الیکٹرک بسیں چلانے کا نیا منصوبہ متعارف تو کروا رہی ہے لیکن سستی سفری سہولیات فراہم کرنے کے پرانے منصوبے کب مکمل ہوں گے اس سوال کا جواب دینے کو تیار نہیں ہیں۔