مقبوضہ کشمیر میں مظالم :آزاد کشمیرسے قافلہ ایل او سی کی جانب روانہ

92

مظفر آباد: جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کی کال پر آزاد کشمیر بھر سے قافلے مظفرآباد پہنچ گئے۔

 جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے کارکنان سمیت آزاد کشمیر کے باسیوں کی بڑی تعداد ریلی میں شریک ہے جو چکوٹھی سے لائن آف کنٹرول کی جانب مارچ کررہے ہیں۔آزاد کشمیر و دیگر علاقوں سے آنے والے شرکاء اپر اڈاہ پر جمع ہوئے جس کے بعد پیدل سیز فائر لائن کی جانب مارچ شروع کردیا۔ مارچ کا مقصدمقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے نفاذ اور انسانیت سوز مظالم پر عالمی دنیا کی توجہ مبذول کروانا ہے۔

آزادی مارچ میں بزرگ، خواتین بچوں سمیت ہزاروں کی تعداد میں نوجوان شریک ہیں۔ مارچ کے شرکاء کو لائن آف کنٹرول کی طرف بڑھنے سے روکنے کیلئے پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حکمت عملی ترتیب دے دی ہے۔

کمشنر مظفرآباد ڈویژن کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے شہریوں پر بھارتی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری کا خدشہ ہے، جس سے شہریوں کو شدید جانی نقصان ہوسکتا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ  لائن آف کنٹرول کے نزدیک عوامی اجتماع قیمتی جانوں کے ضیاع کا موجب بن سکتا ہے۔

کمشنر مظفر آبد نے  جلوس کے شرکاء سے اپیل ہے کہ ایل او سی کے قریب اجتماع سے پرہیز کریں۔