ضم شدہ اضلاع میں ترقیاتی اسکیموں میں سست روی پر وزیراعلیٰ برہم

153

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لیے10سالہ منصوبہ بندی کے تحت ترقیاتی اسکیموں پر کام کی پیش رفت میں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا ہے جبکہ محکمہ صحت اور تعلیم میں ڈاکٹرز اور اساتذہ کی اسامیوں کی تخلیق اور اُن پر بھرتیوں کے عمل کو جلد سے جلد
مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کی دیرپا ترقی کے لیے ہمیں زمینی حقائق کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ قبائلی اضلاع میں اب پرانا نظام نہیں چلے گا جس طرح خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع میں ترقیاتی کاموں کی نگرانی ہو رہی ہے‘ اب قبائلی اضلاع میں بھی کام کی رفتار اور سروس ڈیلیوری کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے اسکولوں، بی ایچ اوز، مساجداور دیگرعوامی مقامات پر سولرائزیشن اسکیموں میں سست روی پر بھی برہمی کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ محکموں کو اسکیموں کی تکمیل جلد از جلد ممکن بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لیے10 سالہ منصوبہ بندی کے تحت سالانہ ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس کو قبائلی اضلاع کے لیے10سالہ منصوبہ بندی، سالانہ ترقیاتی پروگرام2019-20ء کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
وزیراعلیٰ برہم