حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے عملی اقدامت کرے‘ ویمن مشاورتی فورم

124

اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیراہتمام مشاورتی فورم سے خطاب کرتے ہوئے مختلف جماعتوں کی رہنماؤں نے کہاکہ کشمیری خواتین پاکستان کی طرف دیکھ
رہی ہیں ،پاکستان عملی اقدامات کرے انٹرنیشنل میڈیا کو مقبوضہ کشمیر پر دھوکا دیا جا رہا ہے، کشمیری خواتین ظلم ودرندگی اور آبروریزی کا شکار ہیں،مقبوضہ کشمیر میں دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی جاری ہے ،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے اور عالمی برادری خاموش ہے ، کشمیریوں نے جدوجہد آزادی اپنے خون سے رنگی ہے، ماضی کی حکومتوں نے غلط فیصلے کیے جو ہم آج بھگت رہے ہیں۔ان خیالات کااظہارجماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیراہتمام مشاورتی فورم ’’کشمیر کی صورتحال اور ہماری ذمے داریاں‘‘ سے حریت رہنما شمیم شال،سابق ایم این اے عائشہ سید ،سابق ایم این اے بلقیس سیف ، ڈاکٹر خدیجہ ترابی، اسلامک یونیورسٹی، آسیہ اندرابی کی بہن طیبہ اندرابی ، رہنما پی ٹی آئی طیبہ ابراہیم و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حریت رہنماشمیم شال نے کہاکہ انٹرنیشنل میڈیا کو کشمیر پر دھوکا دیا جا رہا ہے کشمیری خواتین ظلم ، درندگی اور آبروریزی کا شکار ہیں کشمیری خواتین پر اجتماعی جنسی تشدد ہو رہا ہے،کشمیری قیادت اور لوگ خطوط لکھ کر میڈیا کو آگاہ کر رہے ہیںنوجوان لڑکیاں رات کی تاریکی میں اغوا ہو رہی ہیں،بھارت ایک خونخوار درندے کے طور پر سامنے آیا ہے، بھارت کا مودی ہٹلر کے نقش قدم پر چل پڑا ہے، کشمیری خواتین پاکستان کی طرف دیکھتی ہیں۔سابق رکن قومی اسمبلی عائشہ سید نے کہاکہ کشمیر میں دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی جاری ہے کشمیر کی جدوجہد آزادی کے لیے عملی قدم اٹھانے کا وقت ہے،میڈیا کشمیر ایشو پر بیداری میں اپنا کردار ادا کرے،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے کشمیر میں بچے بوڑھے مردو خواتین گھروں میں بھوک سے دم توڑ رہے ہیں مودی کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کے درپے ہے آج انسانی حقوق کے نعرے لگانے والے کہاں ہیں؟کشمیر میں اسپتال بند ہیںزخمی دم توڑ رہے ہیں۔میڈیا کے لوگوں کو کشمیر کی جیلوں میں قید کر دیا گیا ہے،مودی سرکار کشمیری مسلمانوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد کر رہی ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے،حکومت پاکستان کشمیر ایشو کے لیے اسپیشل نائب وزیر خارجہ کا تقرر کرے ۔تمام سفارتخانوں میں کشمیر ڈیسک بنایا جائے۔ڈاکٹر خدیجہ ترابی نے کہاکہ کشمیر کی موجودہ صورتحال عملی اقدام کا تقاضا کرتی ہے ۔ طیبہ اندرابی نے کہاکہ کشمیر اب جانیں مانگ رہا ہے، پاکستانیوں سے کہتی ہوں کشمیری آج آپ کی مدد کے منتظر ہیںپاکستانی حکومت اگر آج کشمیریوں کے لیے آگے نہ بڑھی تو کشمیری ختم ہو جائیں گے۔رہنما پی ٹی آئی طیبہ ابراہیم نے کہاکہ کشمیریوں نے جدوجہد آزادی اپنے خون سے رنگی ہے یقین دلاتی ہوں کشمیر ایشو پر ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے ماضی کی حکومتوں نے غلط فیصلے کیے جو ہم آج بھگت رہے۔
ویمن مشاورتی فورم