امت کا پورا جسم زخم خوردہ اور لہولہان ہے، حافظ محمد ادریس

104

لاہور(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما حافظ محمد ادریس نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت کا پورا جسم زخم خوردہ اور
لہولہان ہے ، متحد ہوکر کشمیریوں کی پشت پر کھڑا ہونا پڑے گا۔2ماہ سے کشمیر میں قیامت برپا ہے ،مظلوم کشمیریوں پر بھارت کی غاصب فوج ظلم و جبر کے طرح طرح کے حربے آزما رہی ہے ۔سیکڑوں بچیوں کو اغوا کرکے انہیں اجتماعی درندگی کا نشانہ بنایا جارہا ہے ،ہزاروں نوجوانوں کو پکڑ کر عقوبت خانوں میں انسانیت سوز مظالم سے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے اور ہزاروں کو آزادی کے مطالبے پر بھارت کی جیلوں میں بند کردیا گیا ہے ۔2ماہ سے تعلیمی ادارے، اسپتال اور مارکیٹیں بند ہیں ۔بیمار گھروں میں دم توڑ رہے ہیں اور انہیں گھروں میں ہی دفنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت اس وقت اجتماعی بے حسی کا شکار ہے ۔حکمران اچھی تقریریں اور بیانات دینے کے بعد سمجھتے ہیں کہ انہوں نے اپنا فرض ادا کردیا ہے ۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ کشمیر فلسطین اور میانمر کے مظلوم مسلمانوں پر زندگی تنگ کردی گئی ہے ۔امت کے رستے زخموں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے ۔ کشمیر ی مائیں بہنیں بیٹیاں کسی محمد بن قاسم اور محمود غزنوی کی راہ دیکھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے حکمران بزدلی اور بے حمیتی کا مظاہرہ کررہے ہیں ایک طرف ہماری مائیں بہنیں اور بیٹیاں پکار رہی ہیں اور دوسری طرف ہمیں بزدلی کا سبق پڑھایا جارہا ہے ۔حکمرانوں نے اپنی نگرانی میں ایل اوسی پر باڑ لگوائی اور اب اس باڑ کی حفاظت کررہے ہیں ۔باڑ کی دوسری طرف مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو مظلوم کشمیریوں کی چیخ و پکار سنائی نہیں دے رہی۔
حافظ ادریس