اقوام متحدہ سے آزادی کشمیر کی توقع رکھنا حماقت ہے،عبدالوحید قریشی

221
حیدرآباد: کشمیر یوںسے اظہار یکجہتی کیلیے مسجد قبا ہیر آباد میںمظاہرے سے ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ عبدالوحید قریشی خطا ب کررہے ہیں
حیدرآباد: کشمیر یوںسے اظہار یکجہتی کیلیے مسجد قبا ہیر آباد میںمظاہرے سے ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ عبدالوحید قریشی خطا ب کررہے ہیں

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالوحیدقریشی نے کہاہے کہ قوم نے تقریر کی تعریف کی‘ وزیراعظم عملی قدم اٹھائیں قوم ساتھ دے گی اور فوج کے شانہ بشانہ لڑے گی کشمیری عوام اپنی آزادی اور تکمیل پاکستان دونوں کے لیے بھارت کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں اقوام متحدہ سے توقع رکھنا کہ وہ کشمیر آزاد کرائے گی حماقت ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے جماعت اسلامی شمالی زون کی جانب مسجد قباء ہیر آباد اور رحمانی مسجد مسان روڈ پر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ عالمی طاقتیں اپنے مفادات کے لیے سب کچھ کرگزرتی ہیں لیکن جس میں ان کا مفاد نہ ہویا مسلمانوں پر ظلم ہو ان کے خلاف کان پر جوں تک نہیںرینگتی۔ اہل کشمیربھارت کے بدترین ظلم کا سامنا کررہے ہیں ،پوری وادی میں کرفیو نافذ ہے کھانے پینے کے قلت ہے ادویات دستیاب نہیں بیماروں کو اسپتال لے جانے اور مردوں کو قبرستان میں دفنانے تک کی اجازت نہیں ہے۔ وزیر اعظم کی شاندار بہترین اور تاریخی تقریر کا بھارت سمیت اقوام عالم پر کیا اثر ہوا ہے بھارت مذمت نہیں مرمت کی زبان سمجھتا ہے اور معلوم نہیں کہ یہ بات ہماری سیاسی وعسکری قیادت کو سمجھنے میں کتنا وقت لگے گااس موقع پر امیر زون اقبال قریشی‘ خالد قریشی‘ عامر قریشی نے بھی خطاب کیا جبکہ جماعت اسلامی پھلیلی زون کے تحت پریٹ آباد میں زونل امیر محمد عدنان دانش کی قیادت میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا گیا۔ امیر جماعت اسلامی حیدرآباد حافط طاہر مجید کی قیادت میں یادگار مسجد آفندی ٹاون کے باہر احتجاج کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر مجیدنے کہاکہ کشمیر زمین کا نہیں ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے بھارت مسلسل ہماری ماؤں بہنوں کی عزتیں تارتار کررہاہے نوجوانوں کو نابینا‘ عورتوں کو بیوہ اور کشمیریوں کی نسل کشی کررہاہے اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیں سب ڈراما ہیں انہیں قیامت تک فوجی کارروائی کے لیے راضی کرنا نا ممکن ہے، کشمیر ہمارا پنا مسئلہ ہے اسے ہم نے ہی حل کرنا ہوگا۔
عبدالوحید قریشی