ترقیاتی فنڈ ایمانداری سے خرچ کیے جائیں،عباس بلوچ

117

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کی فلاح وبہبود کے لیے شروع کی جانے والی اسکیموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام ان اسکیموں سے استفادہ کرسکیں۔ حکومت سندھ کی جانب سے ترقیاتی اسکیموں کی مد میں جو فنڈز جاری کیے گئے ہیں انہیں صاف شفاف طریقے سے خرچ کیا جائے اور ان اسکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو اسکیمیں زیادہ ضروری ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہباز ہال حیدرآباد میں ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ معتصم عباسی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ایجوکیشن ورکس اینڈ سروسز، ہائی ویز، واسا سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے تمام متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ترقیاتی اسکیم میں تاخیر کا ذمے دار متعلقہ ادارہ ہوگا کیونکہ اسکیموں کا تعلق عوام کی فلاح و بہبود سے ہوتا ہے، اس لیے عوام کی فلاح و بہبود کی اسکیموں کے کام میں کوتاہی برتنے والے افسران کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حالیہ برسات کی وجہ سے شہر کے راستوں اور دیگر انفرا اسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے، اس لیے ضلعی انتظامیہ محکمہ ہائی ویز سے مل کر ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی مرمت کا کام شروع کریں۔ ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے واسا کے افسران کو بھی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ واٹر سپلائی اور ڈرینج کی اسکیموں کے کام کو مزید تیز کیا جائے۔ اجلاس میں تمام متعلقہ اداروں کے افسران نے ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی، جس پر کمشنر حیدرآباد نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کو ہدایت کی کہ وہ جلد جاری ترقیاتی اسکیموں کا معائنہ کریں اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے رپورٹ پیش کریں۔